ملالہ کو پاکستان میں تعلیم کا سفیر بنایا جائے گا، وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے ملالہ یوسف زئی کو پاکستان میں تعلیم کا سفیر بنایا جائے گا، ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ بچے کتابوں اور قلم کے حقدار ہیں، ٹینک اور توپوں کے نہیں۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان میں تعلیم سیمتعلق کانفرنس ہوئی جس کی میزبانی سابق برطانوی وزیراعظم گورڈن بران نے کی۔

وزیراعظم نوازشریف اورملالہ یوسف زئی بھی کانفرنس میں شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے پاکستان میں تعلیم کے بارے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان ناخواندگی اور جہالت کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، یکسا ں نصاب تعلیم کے لئے ٹھوس اقدامات شروع کردیئے ہیں۔

انہوں نے کہا اسکول داخل ہونے والا ہر بچہ تعلیم مکمل کریگا۔ ملالہ صرف پاکستان کی ہی نہیں ان کی بھی بیٹی ہیں اور دنیا بھر میں تعلیم کی سفیر بن چکی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملالہ کو پاکستان میں بھی تعلیم کا سفیر بنایا جائے گا۔ ملالہ یوسف زئی نے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپیل کی کہ اقوام متحدہ دنیا کے تمام بچوں کو سکول بھیجنے کا انتظام کرے۔