لندن (جیوڈیسک) ملالہ نے دنیا بھر کے عوام سے سکول نہ جانے والے بچوں کے لئے پٹیشن پر دستخط کرنے کی اپیل کر دی۔ ملالہ کہتی ہیں 12 جولائی کو اپنی سالگرہ پر خود اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو پٹیشن پیش کریں گی۔12 جولائی ملالہ یوسف زئی کا یوم پیدائش اب ملالہ ڈے کے نام سے منایا جائے گا۔
دہشتگردوں کا نشانہ بننے والی ملالہ 12 جولائی کو اقوام متحدہ میں خطاب کریں گی۔ اس حوالے سے ملالہ نے دنیا بھر میں تعلیم سے محروم 5کروڑ 70 لاکھ بچوں کے حق میں لوگوں سے ایک پٹیشن سائن کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پٹیشن پر دنیا بھر کے عوام سے یک زبان ہونے کی اپیل کی ہے۔
ملالہ نے ایک خصوصی ای میل پیغام میں کہا ہے کہ وہ 12 جولائی کو ملالہ ڈے پر یہ پٹیشن خود سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو پیش کریں گی۔ ملالہ کہتی ہیں کہ فوری تبدیلی کی ضرورت ہے۔
اس کے لئے انتظار کی بجائے متحد ہوکر محنت کرنی چاہیے۔ 9 اکتوبر 2012 کو دہشتگردوں نے سوات کے علاقے میں ملالہ یوسف زئی کو خواتین کے حقوق کی آواز بلند کرنے پر نشانہ بنایا تھا جس میں ملالہ شدید زخمی ہو گئیں اور انھیں برطانیہ منتقل کر دیا گیا۔