اسٹراسبورگ (جیوڈیسک) ملالہ یوسف زئی کو یورپ کا سب سے بڑا اعزاز سخاروف دے دیا گیا۔ روس کے سائنسدان اور انسانی حقوق کے علمبردار سخاروف کے نام پر قائم یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی وہ پہلی پاکستانی ہیں۔
علم کی شمع ملالہ یوسف زئی کو امن کا نوبیل انعام تونہ مل سکا مگر یورپ کا سب سے بڑا سخاروف پرائز انہوں نے حاصل کر ہی لیا۔ اسٹراسبورگ میں منعقد تقریب میں ملالہ کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا جو اس سے قبل میانمار کی جمہوریت پسند رہ نما آنگ سانگ سوکی اور جنوبی افریقا کے عظیم لیڈر نیلسن منڈیلا کو دیا جا چکا ہے۔
ملالہ کو یہ انعام عدم برداشت کے خلاف جدوجہد، انتہاپسندی اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانے پر دیا گیا۔ ملالہ یوسف زئی سوات میں دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہوگئی تھیں مگر علم کے حصول کاعزم ہر گزرتے لمحے مضبوط ہوتا گیا۔ سخاروف پرائز آندرے سخاروف کے نام سے موسوم ہے۔
روس کیلئے ہائیڈروجن بم تیار کرنے والے سخاروف تباہ کن بم کے اثرات سے ہیبت زدہ ہوگئے تھے۔ انہوں نے انسانی حقوق کیلئے آواز بلند کی جس پر انہیں 1975ء میں نوبیل انعام دیا گیا تھا۔ ان ہی کے نام پر یورپی پارلیمنٹ 1988ء سے ہر سال یہ انعام ان افراد کو دیتی ہے جو معاشرے میں برداشت کے لیے کام کرتے ہیں۔ ملالہ کو یہ ایوارڈ ملنا پاکستانی لڑکی کی غیر معمولی کامیابی ہے۔