اسلام آباد (جیوڈیسک) سوات کی گل مکئی نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا۔ نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کو اقوام متحدہ کی میسنجر آف پیس مقررکر دیا گیا۔ نیو یارک میں ایک تقریب میں یو این کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ملالہ کو امن کے پیامبر کا میڈل دیا۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسفزئی کو امن کا پیامبر مقرر کرنے پر خوشی ہوئی ہے۔ اس موقع پر ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ انتہا پسند یا دہشت گرد نہیں بلکہ وہ پاکستان کی اصل نمائندہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کیلئے لڑکیاں اور خواتین اپنا کردار ادا کریں۔ ملالہ نے اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے استقبالیہ سے بھی خطاب کیا اور اعزاز کو پاکستانی قوم کے لیے باعث فخر قرار دے دیا۔
ملالہ یوسفزئی اقوام متحدہ کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرنے والی کم عمر ترین شخصیت بھی بن گئی ہیں۔