اسٹاک ہوم (جیوڈیسک) ملک میں بچیوں کی تعلیم کے لئے آواز بلند کرنے کے جرم میں صعوبتیں برداشت کرنے والی ملالہ یوسف زئی کو نوبل انعام تو نہ مل سکا لیکن اب انہیں بچوں کے بین الاقوامی ایوارڈز کے لئے نامزد کر لیا گیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق سوئیڈن میں بچوں کے بین الاقوامی ایوارڈز کی جیوری نے ملالہ یوسف زئی کو دنیا بھر میں بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے جدوجہد پر ’’انٹرنیشنل چلڈرنز ایوارڈ‘‘کے لئے نامزد کیا ہے۔ ملالہ کو نامزد کرنے والی جیوری کی رکن ’’لِز جیلبر‘‘ کا کہنا ہے کہ ملالہ یوسف زئی نے کم سنی کے باوجود ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لئے آواز بلند کی ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
ملالہ کے والد ضیاٴ الدین یوسف زئی نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ ان کی بیٹی کی انٹرنیشنل چلڈرنز ایوارڈ کے لئے نامزدگی نہ صرف اُن کے خاندان بلکہ پورے پاکستان کے لئے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہماری آئندہ نسلیں تعلیم یافتہ ہوں تو وہ روشن مستقبل کے لئے بہتر کام کر سکتی ہیں۔ ہمیں دہشت گردی اور بنیاد پرستی سے چھٹکارا دلا سکتی ہیں تاکہ ہم ایک پُر امن زندگی بسر کر سکیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی تعلیم کے لیے سرگرداں عالمی شہرت یافتہ ملالہ کو گذشتہ سال نوبل انعام کے لئے بھی نامزد کیا گیا تھا جب کہ تعلیم کے فروغ کے لیے اُن کی خدمات پر اُنھیں انسانی حقوق کے سب سے بڑے یورپی ایوارڈ، سخاروف سے بھی نوازا جا چکا ہے۔