اسلام آباد (جیوڈیسک) قاتلانہ حملے اور علاج کے بعد ملالہ یوسفزئی پہلی مرتبہ وطن واپس آ رہی ہیں، وہ پاکستان میں 4 روز تک قیام کریں گی۔
ذرائع کے مطابق نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ کی پاکستان میں آمد متوقع ہے، وہ رات نجی پرواز سے رات ڈیڑھ بجے کے قریب اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچیں گی اور جمعرات کو وزیرِ اعظم ہاؤس میں میٹ دی ملالہ پروگرام میں شرکت کریں گی۔ انھیں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فل پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ یاد رہے کہ قاتلانہ حملے اور علاج کے بعد ملالہ یوسفزئی پہلی مرتبہ وطن واپس آ رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملالہ یوسفزئی پاکستان میں چار دن تک قیام کریں گی، اس دوران ان کی مختلف اہم شخصیات سے ملاقاتیں ہونگی۔
یاد رہے کہ ملالہ یوسفزئی کو 9 اکتوبر 2012ء میں منصوبہ بندی کے تحت قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن دہشتگرد اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ انھیں شدید زخمی حالت میں برطانیہ پہنچایا گیا جہاں ان کا علاج کیا گیا۔ پوری دنیا میں ان پر حملے کے بعد شدید مذمت کی گئی۔ خواتین خصوصاً بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات اور ان کی بہادری کے صلے میں انھیں نوبل انعام سے بھی نوازا جا چکا ہے۔