ملالہ یوسف زئی کی نائیجیرین صدر سے ملاقات

Meeting

Meeting

ابوجا (جیوڈیسک) ملالہ یوسف زئی ان دنوں نائجیریا کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے نائیجیرین صدر سے ملاقات کی ہے۔ ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ نائیجیرین صدر نے وعدہ کیا ہے۔

کہ مغوی لڑکیاں جلد گھروں کو لوٹ آئیں گی۔ دوسری جانب شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے رہنما نے مغوی لڑکیوں کی رہائی کے لیے چلائی جانے والی مہم کا مذاق اڑایا ہے۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں عسکریت پسند تنظیم بوکوحرام کے رہنما نے نائجیرین صدر سے اپنے گرفتار جنگجوئوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ تین ماہ قبل 300 کے قریب لڑکیوں کو نائجیریا کے ایک اسکول سے اغوا کیا گیا تھا۔

جن میں سے کچھ لڑکیاں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئیں تھی لیکن اب بھی 200 سے زائد لڑکیاں شدت پسندوں کے قبضے میں ہیں۔ مغوی لڑکیوں کے لئے چلائی گئی بین الاقوامی مہم کی حمایت کے لیے ملالہ یوسف زئی اپنے والد کے ہمراہ ان دنوں نائجیریا کے دورے پر ہیں۔

اتوار کے روز ملالہ نے ابوجا میں نائجیرین صدر گڈلک جوناتھن، کے علاقہ بین الاقوامی مہم کے منتظمین اور بعض مغوی لڑکیوں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔ نائجیرین صدر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں ملالہ نے کہا۔

کہ اپنی سالگرہ کے دن ان کی خواہش ہے کہ مغوی طالبات زندہ سلامت اپنے گھروں کو لوٹ آئیں۔ انہوں نے بتایا کے صدر گڈلک جوناتھن نے وعدہ کیا ہے کہ مغوی لڑکیاں جلد سے جلد اپنے گھروں کو واپس آجائیں گی۔ ملالہ نے کہا۔

کہ اسلام ہر لڑکے اور لڑکی کو تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دیتا ہے، مجھے امید ہے کہ صدر نے جو وعدہ کیا ہے وہ سچ ہو گا اور لڑکیاں جلد اپنے گھروں کو واپس آجائیں گی۔