پاکستان(جیوڈیسک)ایک چھوٹا سا مچھر کیا تباہی لا سکتا ہے اس کا اندازہ ملیریا کی بیماری سے لگایا جا سکتا ہے اور اسی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لئے عالمی ادارہ صحت ہر سال پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم ملیریا 25 اپریل کو مناتا ہے ۔عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منائے جارہے عالمی دن کا تھیم مستقبل میں سرمایہ کاری کرو ملیریا کو شکست دو رکھا گیا ہے۔
مچھر سے پھیلنے والے ملیریا کی تباہ کاریوں میں 25 فیصد تک کمی تو ریکارڈ کی گئی ہے لیکن اب بھی سالانہ ساڑھے چھ لاکھ افراد ملیریا کی بیماری سے جاں سے گزر جاتے ہیں۔ ملیریا پھیلانے والے مچھر کے زیادہ تر شکار افراد کا تعلق افریقی ممالک سے ہے لیکن ترقی یافتہ ممالک بھی اس کے وار میں آجاتے ہیں۔
ملیریا کے پھیلا کا باعث تو خاص قسم کا مچھر ہی ہے اور اس مرض کی علامات مچھر کے کاٹنے کے سات سے دس روز بعد ظاہر ہوتی ہیں جن میں بخار ہونا،سردی لگنا اور سر درد کی شکایت ہوتی ہے اور اگر بروقت ان علامات پر توجہ دے کر علاج شروع کیاجائے تو ملیریا کا باآسانی مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔
عالمی یوم ملیریا سے ایک پیغام دیا جا رہا ہے کہ عالمی اداروں سمیت ہر ملک کی حکومت بھی ایسے اقدامات کرے جس میں مچھروں سے پاک ماحول فراہم ہو سکے اور ملیریا کے مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت دی جا سکے اور اسی سرمایہ کاری سے ملیریا کوشکست دی جا سکتی ہے۔