تھوچھو (جیوڈیسک) ملائشیا ائیر لائنز کا مسافر طیارہ ویتنام کے تھوچھو جزیرے کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔ بد قسمت طیارے میں دو سو انتالیس مسافر سوار تھے۔
کوالا لمپور سے بیجنگ جانیوالی پرواز میں امریکا، فرانس، چین اور کینیڈا سمیت چودہ ممالک کے دو سو انتالیس مسافر سوار تھے جن میں دو شیر خوار بچے اور عملے کے بارہ ارکان شامل ہیں۔
ویتنام کے بحری حکام کا کہنا ہے کہ بوئنگ 777 طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ طیارے میں سوار تمام افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔ ملائشیا، چین اور ویتنام کے حکام نے سمندر میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
مسافر طیارہ ملائشیا کا تریپن سالہ پائلٹ Zaharie Ahmad Shah اُڑا رہے تھے۔ طیارہ رات بارہ بج کر پچپن منٹ کے قريب کوالا لمپور سے روانہ ہوا اسے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چھ بجے چينی دارالحکومت بيجنگ پہنچنا تھا۔ بیجنگ کے ائیر پورٹ پر لوگوں کی بڑی تعداد اپنے پیاروں کے لیے پریشان کھڑی ہے۔