کوالالمپور (جیوڈیسک) ملائیشیا اور انڈونیشیا نے کشتیوں پر سوار ہزاروں غیر قانونی تارکین وطن کو عارضی طور پر پناہ دینے پر اتفاق کر لیا ہے۔
کوالالمپور میں تھائی لینڈ،ملائیشیا اورانڈونیشیا کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں اپنی سمندری حدود میں کشتیوں میں محصور غیر ملکی تارکینِ وطن کے معاملے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد ملائیشیا کے وزیرخارجہ انیفا امان نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ انڈونیشیا اورملائیشیا نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ سمندر میں پھنسے قریب 7 ہزار افرد کو عارضی پناہ دے دی جائے تاہم یہ صرف اس شرط پر ہوگا کہ عالمی برادری ایک سال میں ان تارکین وطن کی واپسی اور ان کی بحالی کا کام مکمل کرے۔ واضح رہے کہ سمندر میں پھنسے غیر قانونی تارکین وطن میں اکثریت کا تعلق میانمار میں ریاستی جبر کا نشانہ بننے والے روہنگیاں مسلمانوں اور بنگلا دیش سے ہے تاہم میانمار اس حوالے سے لگائے گئے تمام الزامات کو بے بنیاد قراردیتا ہے۔