ملائشیا کے لاپتہ طیارے کا ملبہ نہ مل سکا، چینی بحری جہاز تلاش کیلئے روانہ

Malaysia Plane

Malaysia Plane

تھوچھو (جیوڈیسک) ملائشیا کے لاپتہ مسافر طیارے کا ملبہ ابھی تک تلاش نہیں کیا جا سکا ہے. چینی نیوی کے دو بحری جہاز طیارے کی تلاش کے لئے روانہ ہو گئے۔ ادھر امریکا نے بھی اپنا ایک جہاز بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ روز لاپتہ ہونے والے ملائیشین ائیر لائنز کے بوئنگ 777 مسافر طیارے کا ابھی تک پتہ نہیں چلایا جا سکا ہے۔ بد قسمت طیارے میں چودہ ممالک کے دو سو انتالیس مسافر سوار تھے جن میں عملے کے بارہ ارکان بھی شامل تھے۔

ملائشیا کی جانب سے طیارے کے سمندر میں گر جانے کے اعلان کے بعد ویت نام کے قریب کھلے سمندر میں ملبے کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ چین نے اپنے دو وار شپ حادثے کی جگہ پر روانہ کر دئیے ہیں جبکہ امریکا نے بھی اپنا بحری جہاز ملبے کی تلاش کے لئے بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری طرف بیجنگ ائیر پورٹ پر مسافروں کے لواحقین اپنے پیاروں کے غم میں شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ کولا المپور سے روانہ ہونے والا بد قسمت طیارہ بیجنگ جاتے ہوئے ویت نامی جزیرہ توچھو کے قریب لاپتہ ہو گیا تھا۔