ملائشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کی پاکستان کے تین روزہ دورے پر اسلام آباد آمد

 Dr. Mahatir Muhammad Pakistan Visit

Dr. Mahatir Muhammad Pakistan Visit

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملائشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر جمعرات کی شب اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ وہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں اور 23 مارچ کو یومِ پاکستان پریڈ کی تقریبات میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔

ڈاکٹر مہاتیر کے ہمراہ ملائشیا کا اعلیٰ سطح کا ایک وفد بھی پاکستان آیا ہے۔ان میں سرکردہ کاروباری شخصیات شامل ہیں۔نورخان ائیربیس پر وزیر اعظم عمران خان ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر برائے منصوبہ بندی اور ترقی خسرو بختیار نے مہمان وزیراعظم اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا ۔اس موقع پر انھیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے بتایا ہے کہ ملائشیا کے سرمایہ کار جمعہ کو پاکستان میں 80 سے 90 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری سے متعلق مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دست خط کریں گے۔ان سمجھوتوں کے تحت وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ٹیلی کام ، بجلی کی پیداوار ، ٹیکسٹائل ، زراعت اور حلال کھانوں کی صنعت میں سرمایہ کاری کریں گے۔

ڈاکٹر مہاتیر محمد اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران میں ہم منصب عمران خان سے ون آن ون ملاقات کے علاوہ صدر عارف علوی سے ملاقات کریں گے ۔وہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت میں بھی شریک ہوں گے۔

دریں اثناء پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملائشی وزیراعظم کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ان کے دورے کے موقع پر معیشت ، تجارت ، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے بات چیت ہوگی تاکہ اس سے دونوں ملکوں کے عوام کو مزید فائدہ پہنچے۔