ریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب اور ملائیشیا نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ملائیشیا کے وزیراعظم محی الدین یاسین کی موجودگی میں ریاض میں تین معاہدے کیے ہیں۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان رابطہ کونسل کے قیام کا اہم معاہدہ ہوا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ’سعودی ولی عہد اور ملائیشیا کے وزیراعظم نے ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات اور انہیں مختلف شعبوں میں مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے رشتوں کو مستحکم بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا ہے‘۔ سعودی عرب اور ملائیشیا کے رہنماؤں نے خطے کے حالات حاضرہ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ سعودی عرب کی طرف سے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ملائیشیا کی جانب سے وزیر خارجہ ہشام الدین بن حسین نے دستخط کیے۔
پہلا معاہدہ سعودی ملائیشین رابطہ کونسل کے قیام کی بابت تھا جبکہ دوسرا معاہدہ ملائیشیا سے حج اور عمرہ زائرین کی سعودی عرب آمد کے بارے میں ہوا اور تیسرے معاہدے کا تعلق اسلامی امور میں مفاہمتی یادداشت سے ہے۔ اس موقع پر وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح شریک ہوئے۔
ملائیشیا کی جانب سے وزارت خارجہ کے سیکریٹری جنرل محمد شہر یعقوب، سعودی عرب میں متعین ملائیشیا کے سفیر عبدالرزاق بن عبدالوھاب اور ملائیشین وزیر خارجہ ہشام الدین بن حسین موجود تھے۔