کوالالمپور (جیوڈیسک) ملائیشیا میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان پر حملے کا منصوبہ ناکام بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ملائیشین پولیس نے شاہ سلمان کے دورے سے قبل 7مشتبہ افراد کو حراست میں لیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ افراد عرب وفد پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے ۔ پولیس حکام نے بتایا کہ حراست میں لئے گئے افراد میں سے 4 کا تعلق یمن، 2 کا جنوبی ایشیا جبکہ ایک مقامی ہے ۔ پولیس حکام کے مطابق مشتبہ افراد گاڑی میں نصب ڈیوائس کے ذریعے حملہ کرنا چاہتے تھے۔
سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے بھرپور وفد کے ہمراہ 26 فروری سے ملائیشیا کا 4 روزہ دورہ کیا تھا۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے ملائیشیا، انڈونیشیا ، برونائی کا دورہ مکمل کر لیا۔ جب شاہ سلمان رخصت ہونے لگے تو عوام الناس کا ایک جم غفیر انہیں الوداع کرنے سڑکوں پر امڈ آیا۔
اس سے پہلے شاہ سلمان نے برونائی دارالسلام کا ایک روزہ دورہ کیا تھا اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو منفرد اور ٹھوس قرار دیتے ہوئے انہیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیاتھا۔
شاہ سلمان نے اپنے قیام کے دوران برونائی دارالسلام کے حکمراں سلطان حسن البلقیہ سے دو طرفہ تعلقات پر تعمیری بات چیت کی اور دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں اور خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔