کوالالمپور (جیوڈیسک) انتہائی جدید ٹیکنالوجی کے دور میں ملائیشیا کے لاپتہ طیارے نے طویل گمشدگی کی ایک نئی تاریخ رقم کر دی ، ترقی یافتہ ممالک سر تھام کر رہ گئے۔
ماہرین کا کہنا ہے معاون پائلٹ کے سائن آف کرنے سے بارہ منٹ پہلے طیارے نے سمت تبدیل کی۔ملائیشیا کے بوئنگ 777 نے آٹھ مارچ کو جانے کہاں جانے کے لیے پرواز لی۔
طیارے کی تلاش کے دائرے کا کل حجم آسٹریلیا کے رقبے کے برابر کر دیا گیا ہے لیکن چھبیس ممالک کی ٹیمیں بارہ روز گزرنے کے باوجود طیارے تک پہنچنے میں ناکام ہیں۔دو سو انتالیس مسافر اپنے پیاروں سے روٹھ کر جانے کس جہاں میں چلے گئے۔
ہر گزرتے دن کے ساتھ لواحقین کے صبر کا پیمانہ بھی جھلکنے کو ہے۔سماجی میڈیا ہو یا الیکٹرانک میڈیا دنیا کے ہر حصے میں لوگ طیارے کی گمشدگی کو لے کر حیران ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے معاون پائلٹ کے آخری پیغام ملنے سے بارہ منٹ پہلے طیارے نے اپنی سمت تبدیل کی جبکہ ملائیشین حکام ابھی تک طیارے کے لاپتا ہونے کے محرکات کا ہی پتہ نہیں لگا سکے ہیں۔