کوالالمپور(جیوڈیسک)ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے اپنی حکومت کی آئینی مدت کے اختتام پر پارلیمان کو تحلیل کر دیا ہے۔نجیب طیب نے پارلیمان کی تحلیل کا اعلان قوم سے ٹی وی پر خطاب میں کیا۔ نجیب رزاق کی نیشنل فرنٹ اتحاد کی حکومت پچاس برس سے زائد عرصے سے برسرِاقتدار ہے۔
ملائیشیا میں عام انتخابات اپریل کے آخر میں ہونے کی امید ہے تاہم حتمی تاریخ کا فیصلہ الیکشن کمیشن آنے والے چند دن میں کرے گا۔ آئندہ انتخابات میں ان کا سامنا اپوزیشن کے رہنما انور ابراہیم سے ہوگا اور اس انتخابی معرکے میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔ نیشنل فرنٹ کو 2008 کے انتخابات میں پہلی مرتبہ دو تہائی اکثریت حاصل نہیں ہو سکی تھی اور وہ پانچ ریاستوں میں اسمبلیوں کا کنٹرول بھی کھو بیٹھی تھی۔
نجیب رزاق کے حریف انور ابراہیم اپوزیشن کی تین جماعتوں کے اتحاد کے قائد ہیں۔ وہ ماضی میں نیشنل فرنٹ کی حکومت میں نائب وزیراعظم بھی رہ چکے ہیں لیکن 1998 میں اس وقت کے وزیراعظم مہاتیر محمد سے اختلافات کی وجہ سے وہ حکومت سے الگ ہوگئے تھے۔ انہیں اختیارات کے ناجائز استعمال کے جرم میں چھ برس قید کی سزا ہوئی تھی۔ ان پر دو مرتبہ اغلام بازی کے الزامات بھی لگے تاہم وہ ان الزامات سے بری ہوگئے تھے۔