کینبرا (جیوڈیسک) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ امریکا ملائشین طیارے کے متاثرین کو انصاف فراہم کرنے کے مطالبے پر آسٹریلیا کے ساتھ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے سڈنی میں امریکا آسٹریلیا سالانہ وزارتی مشاورتی اجلاس میں کیا۔
جان کیری کا کہنا تھا کہ یوکرین میں تباہ کیئے گئے ملائیشین طیارے کے متاثرین کو انصاف فراہم کیا جانا چاہیے۔ 17 جولائی کو یوکرین میں تباہ ہونے والے ملائیشین طیارے میں سوار تمام 298 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں 38 آسٹریلوی شہری بھی شامل تھے۔
جان کیری ان دنوں آسٹریلیا کے دورے پر ہیں جہاں دونوں ملکوں کے درمیان سائبر سیکیوریٹی، سمندری سیکیوریٹی سمیت مختلف امور زیر غور لائے جائیں گے۔