سڈنی (جیوڈیسک) ملائیشین بوئنگ طیارے کی گمشدگی کے بائیسویں روز بھی ممکنہ ملبے کی تلاش جاری ہے ، پرتھ کے شمال میں جاری آپریشن کے دوران پانچ طیاروں کو ممکنہ ملبے کے ٹکڑے نظر آ گئے ، آسٹریلیوی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ علاقہ بہت دور ہونے کے باعث ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
بدقسمت ملائیشین بوئنگ کو لاپتہ ہوئے آج بائیس روز ہو گئے ، سرچ آپریشن میں شریک ٹیموں کو ابھی تک کوئی کامیابی نہیں مل سکی۔گزشتہ روز پرتھ سے ایک ہزار آٹھ سو پچاس کلومیٹر دور شمال میں شروع ہونے والے آپریشن کے دوران پانچ طیاروں کو ممکنہ ملبے کے چند ٹکڑے نظر آئے ہیں تاہم حکام نے ابھی تک اسے جہاز کا ملبہ قرار نہیں دیا ہے۔
آسٹریلوی وزیر اعظم ٹونی ایبٹ کا کہنا ہے کہ جنوب بحر ہند کا نیا علاقہ بہت زیادہ دور ہونے اور بدلتے موسم کے باعث آپریشن میں شریک ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
آپریشن میں چھ ممالک کے گیارہ طیارے ، چھ بحری جہاز ،جدید ترین ٹیکنالوجی کو بروے کار لاتے ہوئے ممکنہ ملبے کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔چین کے مزید پانچ بحری جہاز نئے علاقے کی طرف اپنا سفر شروع کر چکے ہیں۔