ملائیشیا (جیوڈیسک) ملیشیائی طیارہ جو کو لالمپور سے بھارت کے شہر حیدر آباد کے لیے محو پرواز تھا تکنیکی خرابی کی وجہ سے کو الالمپور لوٹ گیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ملیشیائی طیارہ 198 ایم ایچ کو الالمپور بین الاقوامی ایئرپورٹ، سیپانگ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق پرواز کے تھوڑی دیر بعد کمپیوٹر پر تکنیکی خرابی کے نشاندہی کے بعد اسے واپس ہونا پڑا۔ ملائیشیا کے قومی طیارے کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا کہ اسے احتیاط کے طور پر واپس لایا گيا ہے۔
ایئرلائنز نے اپنے بیان میں کہا ’تکنیکی خرابی کی وجہ سے طیارے یا اس میں سوار مسافروں کو کوئی خطرہ لاحق نہیں تھا۔‘ ایک ویب سائٹ ایئر لائیو نیٹ نے اپنے ٹوٹیٹ میں بتایا کہ ملیشیائی طیارہ ایم ایچ 198 پرواز کے فوراً بعد فضا میں ایک محدود دائرے میں چکر لگانے لگا۔
اس کے بعد دوسرے ٹوئیٹ میں کہا گیا کہ طیارہ اپنا ایندھن ختم کرنے کے بعد واپس کوالالمپور لوٹ رہا ہے۔ یہ طیارہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب دو بجے بحفاظت کوالالمپور میں اتارا گیا۔ یہ طیارہ رات میں دس بج کر بیس منٹ پر حیدرآباد کے لیے روانہ ہوا تھا یعنی وہ تقریباً چار گھنٹے فضا میں چکر لگاتا رہا۔ اس طیارے کی پرواز کو اتوار کی دوپہر کے لیے از سر نو ترتیب دیا گیا ہے۔
ملائیشیا کے طیاروں کا ابھی تک بہترین ریکارڈ رہا تھا لیکن اس سال اس کے دو طیارے ایم ایچ 370 اور ایم ایچ17 حادثے کا شکار ہو گئے اور ان پر سوار تمام افراد ہلاک ہوئے۔ ایم ایچ 370 کے بارے میں رواں سال 8 مارچ سے کوئی اطلاع نہیں ہے کہ وہ کہاں چلا گیا تاہم یہ اندازہ لگایا جاتا ہے کہ وہ بحر ہند کے جنوبی علاقے میں کہیں گر کر تباہ ہو گیا اور اس میں سوار تمام 239 افراد ہلاک ہو گئے۔ دوسرا طیارہ 17 جولائی کو یوکرین میں جاری جنگ کا شکار ہو گیا اور اس پر سوار تمام 289 افراد ہلاک ہوئے۔