ملائیشیا کا مسافر طیارہ یوکرین میں گرکرتباہ

روس کی میڈیا کے مطابق مشرقی یوکرین کے علاقے میں ملائیشیا ایئر لائن کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں 295 مسافر سوار تھے۔

Malaysia passenger airliner MH17 crashing in Ukraine

Malaysia passenger airliner MH17 crashing in Ukraine

ملائیشیا ایئر لائن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا ہے ’ایم ایچ 17 کا ریڈار سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ اور اس جہاز سے آخری رابطہ یوکرین کی فضائی حدود میں ہوا تھا۔‘

اطلاعات کے مطابق ملائشیا کا یہ جہاز ایمسٹرڈیم سے کوالالمپور جا رہا تھا۔ ملائیشیا ایئر لائن کے بوئنگ 777 پر 280 مسافر اور 15 جہاز کے عملے کے افراد سوار تھے۔

یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ جس جگہ یہ جہاز گرا ہے وہ روسی سرحد سے زیادہ دور نہیں ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس آٹھ مارچ کو ملائیشیا کی پرواز ایم ایچ 370 کوالالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے لاپتہ ہوگئی تھی اس میں 239 افراد سوار تھے۔

بحیرۂ جنوبی چین پر پرواز کرتے ہوئے اس کا رابطہ ایئر ٹریفک کنٹرول سے منقطع ہو گیا تھا۔

ملائیشیا کے وزیرِ ٹرانسپورٹ کی ابتدائی رپورٹ میں یہ بات کہی گئی تھی کہ ایم ایچ 370 کے ریڈار سے غائب ہونے کے 17 منٹ بعد احساس ہوا کہ طیارہ لاپتہ ہو گیا تھا۔

ملائیشیا کے حکام کے مطابق سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کے مطابق یہ جہاز اپنے مقررہ راستے سے ہزاروں کلومیٹر دور جنوبی بحر ہند میں کہیں گر کر تباہ ہوا۔

اس حادثے کے تفتیش کاروں کو ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوا کہ ایم ایچ 370 ملائیشیا اور ویت نام کے درمیان بحیرۂ جنوبی چین کی حدود میں لاپتہ ہونے کے بعد اپنے متعین راستے سے اتنا دور کیوں چلی گئی تھی۔

BBC