نیو یارک (جیوڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون سے ملاقات کی اور انھیں ایل او سی پر بھارتی جارحیت اور خطے کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
ملیحہ لودھی کا کہنا تھا بھارت کا سرحد پر سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ جھوٹا ہے اور بھارت خطے میں امن اور سلامتی کے لیے خطرات پیدا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے انکار کر رہا ہے۔
ملاقات کے دوران بانکی مون نے 2 پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔ بانکی مون نے مبصر گروپ کے بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث مکمل فعال نہ ہونے کا اعتراف کیا جبکہ بان کی مون نے پاکستان اور بھارت پر خطے میں کشیدگی کے فوری خاتمے پر زور دیا۔