کراچی (جیوڈیسک) بحریہ ٹاؤن نے کراچی میں دنیا کی تیسری سب سے بڑی مسجد بنانے کا فیصلہ کرلیا، مسجد میں 8 لاکھ افراد کے نماز ادا کرنے کی گنجائش ہوگی، بحریہ ٹاؤن حال ہی میں لاہور میں دنیا کی ساتویں سب سے بڑی مسجد بنا چکا ہے۔
لاہور میں دنیا کی ساتویں سب سے بڑی مسجد کی تعمیر کے بعد کراچی میں دنیا کی تیسری سب سے بڑی مسجد بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بحریہ ٹاؤن کا یہ پروجیکٹ اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا، جس میں 8 لاکھ نمازی اپنے رب کے حضور سر بسجود ہو سکیں گے۔
اس پروجیکٹ کے تحت مسجد میں ایک میوزیم بھی تعمیر کیا جائے گا، جہاں قران پاک کے قدیم اور نایاب نسخے اس میوزیم کی زینت بنائے جائیں گے، جبکہ اسلامک ریسرچ سینٹر بھی اس عظیم الشان مسجد کا حصہ ہوگا، جہاں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف موضوعات پر لیکچرز کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
بحریہ ٹاؤن کے ملک ریاض کہتے ہیں کہ کراچی میں تعمیر کی جانے والی مسجد اسلامی فن تعمیر کا شاہکار ہوگی۔ بحریہ ٹاؤن کا حال ہی میں لاہور میں دنیا کی ساتویں بڑی مسجد کی تعمیر کا اعزاز حاصل ہوا ہے،جس میں 70 ہزار سے زائد نمازی بیک وقت باجماعت نماز کی سعادت حاصل کرسکتے ہیں، گزشتہ جمعے کو مولانا طارق جمیل کے جمعے کے خطبے میں لاہور کی گرینڈ جامع مسجد میں ایک لاکھ عبادت گزاروں کا مجمع تھا۔