ملیر ہالٹ فلائی اوور کی تعمیر کے ساتھ زیر زمین فراہمی ونکاسی آب کی لائنوں کو درست کیا جائے۔ نشاط ضیاء قادری

Nishat Zia Qadri

Nishat Zia Qadri

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین اسمبلی اقبال محمد علی خان ،نشاط ضیاء قادری نے کہا ہے کہ ملیر ہالٹ فلائی اوور کی تعمیر کے ساتھ ماڈل کالونی، معین آباد، طارق بن زیاد سوسائٹی اور شاہ فیصل ٹائون سمیت ملحقہ آبادیوں کے سیوریج سسٹم کو بھی درست کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملیر ہالٹ فلائی اوور پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کیا اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے ڈائریکٹر جنید صدیقی نے فلائی اور کے حوالے سے جاری ترقیاتی کاموں پر اراکین اسمبلی کو تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر حق پرست اراکین اسمبلی اقبال محمد علی خان اور نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ فلائی اوور کی تعمیر سے قبل زیر زمین فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی درستگی کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ اگر فلائی اوور کے تعمیر سے قبل پانی اور سیوریج لائنوں کو درست نہیں کیا گیا تو ایک وسیع آبادی کے مکین فراہمی و نکاسی آب کے مسائل سے دوچا ر ہوجائیں گے۔

بعد ازاں اراکین اسمبلی نے ملیر ہالٹ سے گولڈن ٹائون نالے کے ذریعے نکاسی آب کے سسٹم کے حوالے سے متاثرہ مقام کا دورہ کیا اس موقع پر حق پرست اراکین اسمبلی اقبال محمد علی خان اور نشاط ضیاء قادری نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ شاہراہ فیصل اور نیشنل ہائی وے پر نکاسی آب کے نظام کی درستگی کے حوالے سے فوری اقدامات کریں اور برسات سے قبل نکاسی آب کے حوالے سے انتظامات کئے جائیں تاکہ دوران برسات عوام کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔