ڈی سی او کی ہائی کورٹ میں طلبی

فیصل آباد (خصوصی رپورٹ) لاہور ہائی کورٹ نے ڈی سی او فیصل آباد کے گرفتار سابق گن مین پولیس کانسٹیبل عمران احمد کے کیس میں ڈی سی او فیصل آباد نورالامین مینگل کو کل مورخہ 12جون بروز جمعرات طلب کر لیا ہے جبکہ سی پی او فیصل آباد کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس روز وہ کانسٹیبل عمران احمد کو عدالت میں متعلقہ ریکارڈسمیت پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈی سی او فیصل آباد کی طلبی کانسٹیبل کی اہلیہ مسز عمران کی رٹ پٹیشن پر ہوئی ہے رٹ پٹیشن میں کانسٹیبل کی اہلیہ مسز عمران نے موقف اختیار کیا ہے کہ اسکا شوہر پولیس کانسٹیبل کئی سالوں سے فیصل آباد میں تعینات ہونے والے ضلعی انتظامی سربراہان کے ساتھ بطور گن مین ڈیوٹی سر انجام دیتا رہا ہے جبکہ موجودہ ڈی سی او فیصل آباد نورالامین مینگل کے ساتھ بھی اس نے یہ ذمہ داری نبھائی اپریل میں اس کے شوہر عمران احمد اورڈی سی او فیصل آبادکے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی اس دوران اس کے شوہر عمران احمد سے کہا کہ وہ انکی مبینہ کرپشن کا پول کھول دے گا۔

اسی رنجش پر ڈی سی او کے ایماء پر پولیس نے اس کے شوہر کو 12 مئی 2014ء کوگھر سے اٹھا لیا اور مختلف نجی ٹارچر سیلوں میں رکھ کر اسے بیہمانہ تشدد بنایا گیا اور بعد ازاں ایک مبینہ جھوٹے مقدمہ میں اس کی گرفتاری ڈال دی گئی خاتون نے رٹ پٹیشن میں خدشہ ظاہر کیاکہ اس کے شوہر کو پولیس مقابلہ میں جان سے مار دیا جائے گا رٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کے جیٹھ اعجاز احمد اور برادر حقیقی محمد عادل کو بھی تقریبا 20 روز تک حبس بے جا میں رکھا گیا۔