وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) انتظامیہ شہری مسائل حل کرنے میں ہمہ وقت کوشاں ہے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد اور دیگر حکام بالا شہری علاقوں کی بہتری کی جانب خود توجہ دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارٹی او آئی اینڈ ایس راجہ محمد اقبال نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول میں شہریوں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ٹی ایم اے انتظامیہ، افسران نے بہترین فرائض سرانجام دیئے ہیں۔شہری علاقوں کی تعمیر وترقی پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔ راجہ اقبال نے کہا کہ وزیرآباد میں آکر انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا یہاں کے لوگ ملنساراور محبت،تعاون کرنے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہرکی بہتری اور عوامی مسائل کے خاتمہ کیلئے وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے انہوں نے کہا یہ درست ہے کہ ریاستی ادارے ہی عوامی فلاح کے بہتر منصوبے بنا سکتے ہیں مگر شہریوں کے تعاون کے بغیر زیادہ مقاصد حاصل نہیں کئے جا سکتے اور کامیابی کا انحصار ہمیشہ عوامی تعاون پر ہوتا ہے۔
اس لئے شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ علاقہ کی مزید بہتری کیلئے اپنی قیمتی تجاویز سے اداروں کو آگاہ کرتے رہا کریں۔ اس موقعہ پر صدر صحافت بچائو تحریک سید شہباز بخاری،صدرپریس کلب دھونکل محمود احمد خان لودھی ،محمد یونس بھٹو او ردیگر بھی موجود تھے۔