لندن (اصل میڈیا ڈیسک) مانچسٹر کے ایک شاپنگ سینٹر میں پانچ افراد کو چاقو سے زخمی کرنے والا مشتبہ شخص پولیس کی حراست میں ہے۔ پولیس کے مطابق اس چالیس سالہ شخص کے خلاف ’مینٹل ہیلتھ ایکٹ‘ کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔
برطانوی شہر مانچسٹر میں جمعہ کے روز آرنڈیل شاپنگ سینٹر میں ایک مسلح شخص نے چاقو کے وار سے پانچ افراد کو زخمی کردیا تھا۔ پولیس نے مشتبہ شخص کو ذہنی امراض کے ماہر ڈاکٹروں کی جانب سے معائنے کے بعد ‘مینٹل ہیلتھ ایکٹ‘ کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔ قبل ازیں چالیس سالہ مشتبہ شخص کو دہشت گردی اور تشدد کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
مانچسٹر کے وسط میں قائم آرنڈیل شاپنگ سینٹر میں پیش آنے والے اس واقعے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے تھے، جس میں سے دو خواتین اور ایک مرد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ اس واقعے میں تاہم کوئی بھی جانی نقصان پیش نہیں ہوا۔
گریٹر مانچسٹر پولیس کے بیان کے مطابق اس مشتبہ شخص نے یہ کارروائی اکیلے ہی کی ہے۔ پولیس کے بقول، جب حملہ آور چاقو کے ساتھ شاپنگ سینٹر میں داخل ہونے لگا تو پولیس نے اسے روکنے کی کوشش کی لیکن حملہ آور نے بھاگتے ہوئے لوگوں پر چاقو سے وار کر دیے۔
اس واقعے کے بعد پولیس نے فوری طور پر شاپنگ سینٹر کو خالی کر وا دیا۔ پولیس کی جانب سے حملے کا پس منظر جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ایمرجنسی سروسز کا عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور صورت حال پر قابو پا لیا۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھی ہنگامی سروسز کی فوری کارروائی کو ٹوئٹر پر سراہا۔
اس واقعے نے سن 2017 میں مانچسٹر ارینا میں ہونے والے خود کش حملے کی تلخ یادوں کو تازہ کردیا۔ اس افسوسناک واقعے میں بائیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔