برطانیہ (جیوڈیسک) مانچیسٹر ایرینا میں پولیس نے ایک کنسرٹ کے دوران مبینہ طور پر دہشت گردی کے حملے میں 19 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جبکہ 50 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔
گریٹر مانچیسٹر پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق انھیں شب دس بجکر 35 منٹ پر امریکی گلوکارہ آریانا گرینڈے کے کنسرٹ کے مقام سے دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی۔
واقعے کے بعد انسداد دہشت گردی حکام کا اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دہشت گردانہ کوشش ہو سکتی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے مانچسٹر ارینا میں ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے زیادہ ہلاکتیں بھگدڑ کے نتیجے میں ہوئی ہیں کیونکہ کنسرٹ کے وقت ہال میں ہزاروں فراد جمع تھے۔
کنسرٹ میں امریکی گلوکارہ آریانا گرینڈے پرفارم کر رہی تھیں۔ ان کے ترجمان کے مطابق وہ خیریت سے ہیں۔
پولیس نے عوام سے کہا ہے کہ وہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں اور واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تفصیلات جلد فراہم کی جائیں گی۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ’ہر ایک چیخ رہا تھا اور بھاگ رہا تھا، فرش پر لوگوں کے کوٹ اور فون گرے ہوئے تھے۔ لوگوں نے ہر چیز پھینک دی۔‘
اطلاعات کے مطابق کنسرٹ کے مقام پر 21 ہزار افراد کی گنجائش موجود ہے اور حادثے کے وقت وہاں ہزاروں افراد موجود تھے جن میں بڑی تعداد نوجوانوں کی تھی۔
خیال رہے کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوا کہ زور دار آواز کس چیز کی تھی۔ تاہم دھماکوں کے بعد مانچسٹر میں ٹرین سروس روک دی گئی ہے۔ کنسرٹ کے مقام کا جائزہ لینے کے لیے بم ڈسپوزل سکواڈ کی گاڑیاں پہنچ گئی ہیں۔