لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے پہلے روز کا کھیل خراب روشنی کے باعث جلد ختم کردیا گیا۔
مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
قومی ٹیم کا آغاز متاثر کن نہیں رہا اور اوپنر عابد علی 36 کے مجموعی اسکور 15 رنز بنا کر جوفرا آرچر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
پاکستان ٹیم کے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز کپتان اظہر علی تھے جو کہ کھاتہ کھولے بغیر ہی کرس ووکس کا شکار ہوگئے۔
2 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور شان مسعود نے ذمہ داری کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا۔
بابر اعظم نے نصف سنچری مکمل کی اور وہ 69 پر کریز پر موجود ہیں جب کہ شان مسعود نے 46 رنز بنارکھے ہیں۔
2 وکٹوں کے نقصان پر پاکستان نے 139 رنز بنائے ہیں جب کہ کم روشنی کے باعث 49 اوورز ہی کرائے جاسکے اور پہلے روز کا کھیل ختم کردیا گیا۔
پہے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، اظہر علی (کپتان)، شان مسعود، عابد علی، بابر اعظم، اسد شفیق، شاداب خان، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، یاسر شاہ، شاہین آفریدی، محمد عباس اور نسیم شاہ۔