کراچی (جیوڈیسک) پی آئی بی کالونی کراچی میں ایم کیو ایم کے عارضی دفتر میں ایم کیو ایم کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سب سمجھتے ہیں کہ 22 اگست کو جو ہوا وہ غلط تھا۔
انکا کہنا تھا کہ 23 اگست کو ہم نے لندن سے اظہار لاتعلقی کیا، لیکن ابھی تک ہمیں شک کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ امریکی کونسل جنرل نے بھی پوچھا کہ لندن سے رابطہ ہے؟ ہم نے کہا کہ ایم آر آئی کروا لیں، ایکسرے کروا لیں تو یقین آ جائے گا۔
فاروق ستار نے مزید کہا کہ مینڈیٹ پاکستان زندہ باد کے ساتھ ہے، مردہ باد کے ساتھ نہیں، لندن سے مکمل لاتعلقی اختیار کر چکے، 23 اگست کے فیصلے پر قائم ہیں۔
دوسری جانب، ایم کیو ایم کو کراچی سے چلانے کے خواہشمند شہریوں نے پی آئی بی کالونی میں دفاتر کیلئے 3 گھر متحدہ کے حوالے کر دیئے۔
دریں اثناء لندن میں گزشتہ دو ماہ سے مقیم ایم کیو ایم کے رہنماء کیف الوریٰ اور شبیر قائم خانی نے بھی کراچی پہنچ کر ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کر دیا۔ کیف الوریٰ نے پی آئی بی کالونی پہنچ کر ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات بھی کی اور اجلاس میں شریک بھی ہوئے۔