اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ چند ہزار جنونی کروڑوں کا مینڈیٹ پامال نہیں کر سکتے، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کہتے ہیں خدا کے واسطے مذاکرات کی میز پر آئیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان اور طاہر القادری مارچ کے ذریعے اپنے کارکنوں کو مشتعل کر رہے ہیں، قانون اپنا راستہ بنائے گا ۔ وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ قومی اداروں کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، اپوزیشن اٹھارہ کروڑ عوام کو نفسیاتی مریض بنا رہی ہے ، چند ہزار جنونی کروڑوں کا مینڈیٹ پامال کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اب تک مذاکرات کے حوالے سے کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ عوامی تحریک نے اپوزیشن کمیٹی کو پکڑائی نہیں دی ، ریڈ زون ملک کا اعصابی مرکز ہے، اسد عمر، عارف علوی اور شاہ محمود قریشی اس ملک پر رحم کریں، ٹیلی فون پر شاہ محمود کے پاؤں نہیں چھوئے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کیا عمران خان یہ سمجھتے ہیں کہ سیاسی کارکن صرف انہی کے پاس ہیں؟ وہ وزیراعظم ہاؤس پر حملہ کر کے کون سا مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں؟ انھوں نے کہا کہ عمران خان کو وزیر اعظم کی کرسی لا دیتے ہیں اس پر بیٹھ کر جھومتے رہیں۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ موجودہ اسمبلی ساڑھے چار کروڑ ووٹوں سے بنی ہے۔
خدا کیلئے جگ ہنسائی نہ کی جائے ، عمران خان اور طاہر القادری بات چیت کریں ، منت سے کہتے ہیں بات کریں۔ اس موقع پر اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ حکومت تمام معاملات پر مذاکرات کیلئے تیار ہے ، احتجاج کرنیوالے بھی بات چیت کا راستہ اپنائیں۔