منگلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے سے سیکڑوں دیہات زیر آب

Mangla Dam

Mangla Dam

میرپور (جیوڈیسک) منگلا ڈیم میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہور ہی ہے جس سے سیکڑوں دیہات اور ہزاروں گھر زیر آب آچکے ہیں۔ متاثرین منگلا ڈیم کی تیزی سے نقل مکانی جاری ہے۔منگلا ڈیم توسیع منصوبہ مکمل ہونے کے بعد سال 2013 میں حکومت پاکستان اور واپڈا نے منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1202 فٹ سے بڑھا کر 1242 فٹ تک بلند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس وقت منگلاڈیم میں پانی کی سطح 1230 فٹ کے قریب پہنچ چکی ہے۔ سطح بلند ہونیسے 100 سے زائد دیہات جبکہ ہزاروں مکانات زیر آب آچکے ہیں۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ واپڈا نے آبادکاری مکمل کئے بغیر ڈیم میں پانی کی سطح بلند کر دی ہے۔ جس کے باعث بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ واپڈا کی لاپرواہی کے باعث 5 ہزار سے زائد خاندانوں کے لئے بسائے گئے شہر میں مکانات بھی تعمیر نہیں ہوئے ہیں۔ لوگوں کو کرائے پر بھی گھر دستیاب نہیں۔

متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیم میں پانی کی سطح فوری طور پر کم کی جائے تاکہ گھروں سے پانی نکل سکے اور جب تک متاثرین کی آبادکاری مکمل نہیں ہو جاتی اس وقت تک ڈیم میں پانی کی سطح بلند نہ کی جائے۔ دوسری جانب سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھائے جار رہے ہیں۔