آم پر پابندی، بھارت کا یورپی یونین کو ڈبلیو ٹی او میں گھسیٹنے کا انتباہ

Mango

Mango

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت نے آم کی برآمدات پر پابندی کے معاملے پر یورپی یونین کو عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیوٹی او) میں گھسیٹنے کی دھمکی دے دی۔ بھارتی وزیر تجارت آنند شرما نے نئی دہلی میں صحافیوں سے بات چیت میں یورپی یونین کو متنبہ کیا ہے۔

کہ یورپی یونین کی الفانسو آم کی درآمد پر پابندی کے دوطرفہ تجارتی روابط پر بہت منفی اثرات ہو سکتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ یورپی یونین کے ٹریڈ کمشنر کاریل ڈی گوشٹ پر بذریعہ خط آم اور کریلے و بینگن سمیت 4 سبزیوں کی درآمد پر عائد ظالمانہ پابندی ختم کرنے پر زوردیا ہے۔

انھوںنے کہاکہ یورپی یونین سمجھ داری کا مظاہرہ کرے گی اور صورتحال کو مزید خراب نہیں کرے گی جس کی وجہ سے ہم ڈبلیوٹی او میں جا سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ یورپی یونین پلانٹ ہیلتھ کیئر کمیٹی نے بھارتی پھلوں وسبزیوں کے 207 کنسائمنٹس میں فروٹ فلائیز نکلنے پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا۔

جس کا اطلاق یکم مئی سے ہوگیا ہے، بھارت سالانہ 70 ہزار ٹن آم برآمد کرتا ہے۔ یورپی یونین کی وجہ سے بھارت میں آم کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آئی ہے تاہم زرعی حکام نے متنبہ کیا ہے کہ اس سے غریب کاشت کاروں کو نقصان ہو گا اور ان کی آمدنی کم ہوگی۔