پاکستانی (جیوڈیسک) آموں کی چینی مارکیٹ تک رسائی کیلئے چین اور پاکستان نے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں، جس کے تحت چینی حکومت پاکستانی آموں کی اسٹوریج، پیکنگ ہاسز اور دیگر سہولیات فراہم کرے گی، چین میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ معاہدے پر پاکستان کی جانب سے بیجنگ میں پاکستانی سفیر مسعود خالد اور چین کی جانب سے وزیر برائے ایڈمنسٹریشن آف کوالٹی سپروین سٹرزی شٹنگ نے دستخط کئے۔
معاہدے کے تحت پاکستانی آموں کو چینی مارکیٹ تک باآسانی پہنچایا جائیگا، چینی حکومت بھرپور مدد اور ہر قسم کی سہولیات فراہم کرے گی، معاہدہ دو سال کیلئے ہے، جس کو مدت مکمل ہونے کے بعد ازخود دو سال کیلئے توسیع حاصل ہو جائیگی۔
پاکستانی سفیر مسعود خالد نے اس معاہدے کو پاکستانی آموں کی برآمد کے حوالے سے بہت بڑی پیش رفت قرار دیا اور کہا ہے کہ پاکستانی ایکسپورٹرز مذکورہ معاہدے سے بھرپور استفادہ کریں گے، پاکستانی آموں کی دوست ممالک کی مارکیٹوں تک رسائی کا سنہری موقع ہے۔