پاکستانی آم اب ترکی میں بھی پیدا ہونگے: الانیہ محکمہ زراعت

Mango

Mango

انقرہ (جیوڈیسک) گزشتہ دنوں انقرہ میں پاکستانی آموں کی نمائش کی گئی اور حاضرین کو اس سے بنی شیریں سوغاتوں سے بھی متعارف کروایا گیا۔

اس موقع پر ترک سیاحتی قصبے الانیہ کے محکمہ زراعت کے ڈاریکٹر ترگت موسلو اولو بھی مدعو تھےجنہوں نے عندیہ دیا کہ وہ اپنے قصبے میں اب آموں کے پودے پاکستان سے منگوا کر لگانا چاہتے ہیں کیونکہ ہمارے علاقے میں اب لیموں اور مالٹوں کی پیداوار کاشت کاروں کےلیے فائدہ مند نہیں رہی ۔

سفیر پاکستان سہیل محمود نے جناب موسلو اولو کو بتایا کہ پاکستان آموں کی پیداوار کے حساب سے دنیا میں چھٹے نمبر پر ہے جنہیں 57 ممالک میں برآمد بھی کیا جاتا ہے ۔پاکستانی آم اپنی اقسام و غذائیت و ذائقے کے اعتبار سے منفرد مقام کے حامل ہیں جس کی وجہ سے اسے پھلوں کا بادشاہ بھی کہا جاتاہے۔

جناب موسلو اولو نے کہا کہ اس وقت ترکی کے بازاروں میں درآمد شدہ فی آم کی قیمت تقریباً 5 ڈالر ہے اگر ہم پاکستان سے آموں کے پودے منگوا کر الانیہ اور اس کے مضافات میں کاشت کریں تو امید ہے کہ یہ ہماری معیشت اور کاشت کاروں کےلیے مفید اور منافع بخش کاروبار ثابت ہو سکتا ہے۔ لہذا امکان ہے کہ اب ہمارے کاشت کار کیلے اور آوو کاڈو کے علاوہ آم بھی کاش کریں گے جس کا پودا 2 تا 3 سال کے درمیان پھل دینے کے قابل بن جاتا ہے۔