ن لیگ اپنے منشور پر پورا نہیں اتر رہی: حاجی چوہدری رفیق

لالہ موسی: ن لیگ اپنے منشور پر پورا نہیں اتر رہی ۔ن لیگ نے جنرل انتخابات میں جو منشور دیا تھا وہ اب جھوٹ کا پلندہ ثابت ہو رہا ہے۔ چیف جسٹس اور الیکشن کمیشن ن لیگ کے منشور پر نوٹس لیتے ہوئے وضاحت طلب کریں۔ مہنگائی بے روزگاری، اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا منشور دینے والے اب بلدیاتی انتخابات کروانے سے بھی قاصر نظر آ رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف حلقہ پی پی 112 کے کوآرڈی نیٹر نائب صدریونین کونسل 84/1 لالہ موسیٰ حاجی چوہدری رفیق احمد دھامہ نے کیا انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت جماعتی بنیادوں پر الیکشن کروائے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف نئے لوگوں کا آگے آنے کا موقع دے گی تاکہ پرانے مچھندروں سے عوام کی جان چھوٹ جائے۔

پاکستان تحریک انصاف ہر یونین کونسل میں اپنے نمائندوں کو سامنے لائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ پنجاب میں حکومتی مشینری استعمال کر کے تحریک انصاف کے قائدین اور کارکنوں کو دبانے کی کوشش کررہی ہے۔ تحریک انصاف پنجاب کی قیادت کو پر امن احتجاج سے روکنے کے لئے لاٹھیاں برسانے اور گرفتاریاں کر کے حکومت نے آزادی اظہار رائے کی دھجیاں اڑائیں۔ جنرل الیکشن اور ضمنی الیکشن میں دھاندلی بے نقاب ہونے سے پنجاب حکومت بو کھلاہٹ کا شکار ہے۔