اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر زرداری کے بعد ایوان صدر کے نئے مہمان نومنتخب صدر ممنون حسین آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ ایک طرف صدر زرداری رخصت ہورہے ہیں تو دوسری طرف نیا مہمان قصر صدارت میں آنے کیلیے تیار بیٹھا ہے۔
ممنون حسین آئندہ پانچ سال کیلیے آج ملک کے بارہویں منتخب صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے، تیس اگست کو ہونے والے انتخاب میں ممنون حسین کو اپنے حریف جسٹس وجیہ الدین پر واضح برتری ملی۔
انہوں نے 77 کے مقابلے میں 432 ووٹ حاصل کیے ، ممنون حسین کی صورت میں مسلم لیگ ن کو دوسرا ایسا صدر مل رہا ہے جو انہی کی پارٹی سے ہے، 73سالہ ممنون حسین نواز شریف کے گزشتہ دور حکومت میں گورنر سندھ بھی رہ چکے ہیں، پارٹی سے تعلق پرانا جبکہ انہیں نواز شریف کا وفادار شمار کیا جاتا ہے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے ممنون حسین پیشے کے لحاظ سے تاجر ہیں، انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سے گریجویٹ کی ڈگری لے رکھی ہے۔