منور حسن کی کشمیر میں قرآن کی بے حرمتی اور نمازیوں پرتشددکی مذمت

Munawar Hasan

Munawar Hasan

لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کشمیر میں بھارتی فوج کی مسجد میں گھس کر نمازیوں پر تشدد اور قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کوکچلنے اور ان کو حق رائے دہی کے حق کے جائز مطالبے سے روکنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ ایسے واقعات سے کشمیریوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

لاہور سے جاری کردہ ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا کہ نئی حکومت بر سر اقتدار آنے کے بعد سے کشمیر کے بارے میں مسلسل چشم پوشی اور لاتعلقی کا اظہار کر رہی ہے۔ بھارت سے بیک ڈور ڈپلومیسی بحال کرنے کے عزم کا اظہار کیا جا رہا ہے جو شرمناک اور ناقابل برداشت ہے۔

پاکستانی حکمران عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے اور کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت لانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔سید منور حسن نے شام میں حضرت زینب کے روضے پر حملے کی شدیدمذمت کی اور کہا کہ تمام مکاتب فکر سے اپیل ہے کہ وہ اسلام دشمن قوتوں کی امت کے اندر انتشار اور انار کی پھیلانے کے مکرہ عزائم کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔