مانسہرہ زیادتی کیس؛ مرکزی ملزمہ 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

Mansehra

Mansehra

ایبٹ آباد (جیوڈیسک) طالبہ زیادتی کیس کی مرکزی ملزمہ کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ مانسہرہ پولیس نے گزشتہ ہفتے کالج کی طالبہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والی ملزمہ انعم کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں ایبٹ آباد میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا۔

سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے ملزمہ کا 10 روزہ ریمانڈ طلب کیا، عدالت نے ملزمہ کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر تے ہوئے آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ ملزمہ کو مانسہرہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے لڑکی سے زیادتی کیس کے تینوں ملزمان قاری نصیر، فیضان عرف فیضی اور حسین کو بھی 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔

گزشتہ ہفتے مانسہرہ میں کالج کی ایک طالبہ کو اس کی سہیلی گھر چھوڑنے کا کہہ کر اسے اپنے ساتھ گاڑی میں لے گئی تھی جہاں اسے 3 افراد نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ملزمان کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ چلایا جارہا ہے۔