مانسہرہ زیادتی کیس؛ تینوں ملزمان 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

Mansehra

Mansehra

مانسہرہ (جیوڈیسک) مقامی عدالت نے گزشتہ روز طالبہ سے زیادتی کرنے والے تینوں ملزمان کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ مانسہرہ پولیس گزشتہ روز چلتی گاڑی میں بارہویں جماعت کی طالبہ سے زیادتی کرنے والے 3 ملزمان قاری نصیر، فیضان اور حسین کو سول عدالت میں لائی۔ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد کمرہ عدالت اور باہر موجود تھی، جیسے ہی ملزمان کو عدالت لایا گیا وہاں موجود لوگ مشتعل ہو گئے اور انہوں نے ملزمان پر انڈے اور سیاہی پھینکی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوری طور پر پھانسی دی جائے۔

پولیس نے سخت سیکیورٹی میں تینوں ملزمان کو سول جج کے رو برو پیش کیا اور ملزمان کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی تاہم عدالت نے ملزمان کو 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیتے ہوئے آئندہ سماعت میں انہیں ہر صورت پیش کرنے کا حکم دیا۔ ریمانڈ ملنے کے باوجود پولیس مشتعل افراد کے حملے کے امکان کے پیش نظر ملزمان کو متعلقہ تھانے نہ لے جا سکی اور بالآخر ایک گھنٹے بعد انہیں تھانے منتقل کر دیا گیا۔