مانسہرہ (جیوڈیسک) مانسہرہ کے تفریحی مقامات پر سیاحوں کی رونقیں پھر سے بڑھ گئی ہیں۔ رمضان اور عید کی تعطیلات کے بعد ملک بھر سے سیر و تفریح کے لئے سیاح مانسہرہ کا رخ کر رہے ہیں۔ حسین مناظر اور دلکش نظاروں سے مالامال ضلع مانسہرہ میں یوں تو مئی کے مہینے میں سیاحت کا موسم شروع ہو جاتا ہے۔ اور گرمی سے ستائے سیاح مانسہرہ کے یخ بستہ تفریحی مقامات کی سیر کو پہنچ جاتے ہیں۔
ماہ رمضان اور عید کے بعد یہاں سیاحوں کی تعداد پھر سے بڑھ جاتی ہے۔ مبینہ اعجاز(سیاح)کا کہنا ہے کہ میں سیالکوٹ سے یہاں وزٹ کرنے آئی ہوں، میں بہت زیادہ خوش ہوں اور انجوائے کر رہی ہوں بہت زیادہ یہاں کا ویدر دیکھ کے۔ وادی کاغان میں سیاحوں کا رش کم ہونے کی وجہ سے ہوٹلوں اور گاڑیوں کے کرائے۔
اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیں ان دنوں کچھ کم ضرور ہیں لیکن یہاں آنے والے سیاح جھیل سیف الملوک روڈ کی ٹوٹ پھوٹ کا شکوہ ضرور کرتے ہیں۔ عائیشہ اسحاق(سیاح) کا کہنا ہے کہ جھیل سیف الملوک کے راستے تنگ ہیں وہاں اگر سڑکیں نہیں بن سکتیں تو کم از کم لیول کریں، تاکہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے وہاں جانے کا۔ عید کے بعد سیاحت میں ایک بارپھر تیزی آجانے سے مقامی افراد کی خوشیاں دوبالا ہو گئی ہیں۔