کراچی (جیوڈیسک) ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بیرون ملک فرار ہونیوالے بیٹر محمد وسیم کی گرفتاری کیلیے انٹر پول سے رابطہ کرنے اور ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے حوالے سے آئی جی سندھ کو خط ارسال کر دیا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے جمعرات کو آئی جی سندھ اقبال محمود کو ایک خط ارسال کیا جس میں درخواست کی گئی کہ بیرون ملک فرار ہونے والے بیٹر محمد وسیم احمد ولد منظور احمد کے خلاف نیپئر تھانے میں مقدمہ الزام نمبر 75/13 بجرم دفعہ 358/34 اورانسداد دہشت گردی ایکٹ 7-ATA درج ہے اور بیٹر محمد وسیم مذکورہ مقدمے میں تاحال مفرور ہے لہٰذا ملزم کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے کے ذریعے انٹر پول سے رابطہ کیا جائے اور مفرور ملزم وسیم بیٹر کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کیے جاسکیں اس کی گرفتاری جلد از جلد عمل میں لا نے کے بعد اسے پاکستان لایا جا سکے۔
واضح رہے کہ وسیم بیٹر گھاس منڈی اور ناظم آباد میں سیف اﷲ کے اڈے کے قریب قائم اڈے سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں قائم جوئے کے اڈوں کا مالک ہے اور جوئے کے اڈے چلانے کے لیے وسیم بیٹر روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے بھتہ اعلیٰ پولیس افسران کو پہنچاتا تھا جبکہ وسیم بیٹر پولیس افسران کے تبادلے اور تقرریوں کے حوالے سے بھی شہرت رکھتا ہے، ماضی میں وسیم بیٹرکو پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے اپنا بیٹا بھی بنایا ہوا تھا۔