کراچی (جیوڈیسک) پاکستان سے رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران ماربل اور ماربل مصنوعات کی برآمدات میں 45 فیصد اضافہ ہوا۔
آل پاکستان ماربل مائننگ انڈسٹری اینڈ ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ثنا اﷲ خان کے مطابق جولائی سے اپریل تک ایکسپورٹ 6 کروڑ 97 لاکھ ڈالر رہی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 4کروڑ 80 لاکھ ڈالر تھی۔
انھوں نے بتایا کہ اس وقت ماربل کی ایکسپورٹ کے بھاری مالیت کے آرڈرز موجود ہیں لیکن بجلی کی لوڈشیڈنگ اوربدامنی کی وجہ سے یہ آرڈر پورے نہیں کیے جا سکتے۔
بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور امن و امان کے مسائل کے سبب ماربل ایکسپورٹ انڈسٹری 50 فیصد پیداواری صلاحیت پر چل رہی ہے، برآمدی یونٹس کو یومیہ 6 تا 8 گھنٹے اعلانیہ اور 4 سے 6 گھنٹے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے، دوسری جانب بدامنی، بھتہ خوری بھی کاروباری سرگرمیوں میں کمی کا بڑا سبب بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے امیدظاہرکی کہ رواں سال ماربل کی ایکسپورٹ 10کروڑ ڈالر تک پہنچ جائے گی۔