23 مارچ ہمیشہ سے پاکستان کی تاریخ میں یاد گار دن رہا ہے۔ خرم شہزاد
Posted on March 25, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
جھنگ: ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر راجہ خرم شہزاد عمر نے کہا ہے کہ23 مارچ ہمیشہ سے پاکستان کی تاریخ میں یاد گار دن رہا ہے اس روز قرارداد پاکستان کے حوالہ سے ہماری فورسز تقاریب کا انعقاد کرکے اپنے شہداء اور کارکنان پاکستان کی یاد کو تازہ کرتی ہیں۔اس قسم کے دن منا کر قوموں میں جذبہ پیدا کیا جاتا ہے۔
یہ بات انہوں نے پولیس لائن جھنگ میں شہدائے پولیس کی یاد میںڈی پی او ذیشان اصغر کی صدارت میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے علاوہ ممبران سی پی ایل سی ،پولیس افسران ،میڈیا اور شہدائے پولیس کے ورثاء نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ 23مارچ کے حوالہ سے ضلع بھر کے کالجز اور سکولوں میں سیمینار کاانعقادکر کے نئی نسل کو اس دن کی اہمیت کے بارے روشناس کرایا جا رہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں آزادی کی جو نعمت دی ہے ہم نے اس کی قدر کرنا چھوڑ دی ہے جس کی وجہ سے آج ہم مختلف مسائل میں گھرے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آزادی کی خاطر کشمیری بھائیوں کی طرف سے کی جانیوالی جدوجہد اور قربانیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم ان سے کھل کر اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت پاکستانی ہمیں اس قسم کے قومی دن ہمیشہ جوش و خروس سے منانے چاہییں۔انہوں نے کہا کہ 23مارچ صرف دو قومی نظریہ کا دن نہ ہے بلکہ1940ء میں اس روز منٹو پار ک لاہور میں پیش کی جانے والی قرار داد کی بدولت ہی ملک پاکستان معرض وجو دمیں آیا اورآج ہم اس بحیثیت پاکستانی مسلمان آزادخطہ میں زندگی گزار رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ہماری فورسز جاگتی ہیں تو ہم سوتے ہیں دہشتگردہماری فوج اورپولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ملک اور قوم کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء ہمارے ہیرو ہیں ان کے لواحقین سے صرف قومی تہوار پر ہی نہیں بلکہ ہمیشہ ہمدردی او ر تعاون کرنا چاہیے کیونکہ انہیں ہمارے پیار او ر محبت کی ضرورت ہے ۔ڈی پی او ذیشان اصغر نے کہا کہ شہادت ایک ایسی نعمت ہے جس کی مبارکباد دینا آسان اور وصول کرنا بڑا مشکل ہے شہداء ہم سے بچھڑ ضرور گئے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ کے ہاں جو رتبہ انہیں ملا وہ خدا ہی جانتا ہے۔
شہدائے پولیس کے لواحقین کی مدد کیلئے ضلعی پولیس ہمہ وقت حاضر خدمت ہے انہوںنے شہدائے ورثاء سے کہا کہ انہیں کوئی مسلہ درپیش ہو تو وہ بلا جھجک پیش ہوکر انہیں آگاہ کرسکتے ہیں۔اس موقع پر ڈی سی او،ڈی پی او ،ڈی ایس پیز اورممبران سی پی ایل سی نے آئی جی پنجاب پولیس کی طرف سے ضلع جھنگ سے تعلق رکھنے والے 38شہدائے پولیس کے ورثاء میں دو لاکھ66ہزار روپے کے نقد انعامات کے علاوہ کپڑے اور مٹھائی تقسیم کی اور آخر میں شہدائے کے بلندی درجات کیلئے دعا کی گئی۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com