23 مارچ کے حوالہ سے گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ میں ایک پروقار تقریب
Posted on March 25, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
جھنگ: محکمہ تعلیم پنجاب اور ضلعی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں 23مارچ کے حوالہ سے گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ میں ایک پروقار تقریب زیر صدارت پرنسپل ادارہ ہذا پروفیسر میاں محمد اسلم ساجدمنعقد ہوئی۔
جسکے مہمان خصوصی ڈی سی او جھنگ کے والد محترم پروفیسر (ر)راجہ محمد عمر گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج اصغر مال راولپنڈی اور مہمان اعزاز پروفیسر محمد شریف خان ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز جھنگ تھے۔اس موقع پر پروفیسر مہدی حیات خان وائس پرنسپل ،پروفیسر سید جواد نقوی صدر شعبہ تاریخ اور پروفیسر حنیف ظفر خان انچارچ تقریبات تھے۔اس موقع پر پروفیسر صفدر علی شاہ نے سٹیج سیکرٹری کی ذمہ داری ادا کی اور اس تقریب کیلئے تعارفی کلمات ادا کئے۔
تقریب کے پہلے مرحلہ میں یوم پاکستان کے حوالہ سے تقریری مقابلہ ہوا ازاں بعد ملی نغمیں اور یوم پاکستان کے موضوع پر ٹیبلو پیش کیا گیا۔طالبات نے اندرون کالج ایک واک کی جس میں طلباء بھی شامل کئے گئے ۔ تقریری مقابلہ جات میں پروفیسر ضیاء الحسنین شاہ چیئر مین شعبہ کمسٹری نے محمد مزمل ،محمد حسین فاروق اور محمد عاصم انعامات دیئے ۔ملی نغمہ کے مقابلہ میں پروفیسر ضیغم حسن سمرا چیئرمین شعبہ انگلش نے ذیشان احمد ، عروسہ خان اور محمد علی خالد کو جبکہ ٹیبلو میں پروفیسر فضل حق خان چیئر مین شعبہ شماریات نے محمد عاصم ،انیب احمد اور عدیل احمد کو انعامات دیئے۔ مہمان خصوصی کو پرنسپل نے شیلڈ پیش کی۔اس موقع پر پروفیسر جوادنقوی نے اپنے خطاب میں یوم پاکستان کے موضوع پر تاریخی حقائق پر روشنی ڈالی ۔پروفیسر محمد شریف خان نے اپنی تقریر میں قیام پاکستان کا پس منظر اور جدوجہد پر اظہار خیال کیا۔ مہمان خصوصی راجہ محمد عمر نے اپنے خطاب میں اکابرین کی خدمات اور انگریزوں و ہندئوں کی ریشہ دوانیوں پر گفتگو کی۔
پرنسپل میاں محمد اسلم ساجد نے اپنے بصیرت افروز خطاب میں جدو جہد کے حوالہ سے تلخ و شیریں حقائق بیان کیے ۔گزشتہ کل اور آنے والے کل کے بارے میں تفصیل سے اظہار خیال کیا اور وطن عزیز کو درپیش خطرات اور خدشات سے نمٹنے کیلئے باہمی اتفاق و اتحا د کا درس دیا اور طاغوتی طاقتوں اور ملک دشمن طاقتوں کے سامنے سینہ سپرہونے کا درس دیا ۔اسی طرح ضلع کی تمام تحصیلوں کے بوائز و گرلز کالجز میں بھی 23مارچ کے حوالہ سے پروقار تقاریب کا اہتمام کیا گیا جس میں طلباء و طالبات نے بھر پورانداز میں حصہ لیا۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com