راولپنڈی (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے مارچ اور اپریل انتہائی اہم ہیں مارچ اپریل میں حکمران مسلط ہوں گے یاان سے جان چھوٹ جائے گی۔
ویسے میں حکمرانوں کو 2016ء میں نہیں دیکھ رہا، حکومت اورملک اب ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ انھوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن میں میئر شپ کا فیصلہ 5 دسمبرکے الیکشن کے بعد کریں گے۔
اسلام آباد کے انتخابات میں حکمرانوں نے آخری وقت میں’’ریگ مار‘‘ مارا ہے، اسلام آباد کے شہری سمجھدارہیں جب کہ دیہات میں گڑبڑ کا حکمرانوں کو کھلا موقع ملا، این اے 55 میں (ن) لیگ نہیں جیتے گی، یہاں ہمیں جماعت اسلامی، تحریک انصاف کی بھی حمایت حاصل ہے اور آزاد امیدواروں کوبھی سپورٹ کر رہے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ 40 ارب روپے کے نئے ٹیکس عوام پر ظلم اور خون چوسنے کے مترادف ہیں، مہنگائی کا طوفان آ گیا ہے، حکومت مکمل طور پر ناکام ہے۔
انھوں نے دعوی کیا کہ اگر اسلام آباد کی طرح راتوں رات نتائج تبدیل نہ ہوئے تو راولپنڈی کی 26 یونین کونسلز میں سے 16 پر کامیابی حاصل کروں گا۔ لال حویلی کے حلقہ میں میرا بھتیجا راشد شفیق الیکشن لڑ رہا ہے، شیر کو بڑے مارجن سے ہرائیں گے۔