یکم مارچ سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھولنے کا اعلان

School

School

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا ہے کہ یکم مارچ سے ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے ہفتے میں 5 روز کھلیں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ملک بھر کے تعلیمی ادارے یکم مارچ سے ہفتے میں 5 روز کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ بڑے شہروں کے اسکول 28 فروری تک مرحلہ وار کلاسز لیں گے۔

شفقت محمود کا مزید کہنا تھا کہ فیصلے کا اطلاق ان تمام شہروں پر ہو گا جہاں پابندیاں عائد کی گئی تھیں، اللہ کے فضل سے ہم نارمل حالات کی جانب جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز این سی او سی نے ملک بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے بند مزارات کھولنے، شاپنگ مالز کھولنے کے اوقات کار بڑھانے اور ہوٹلوں میں کورونا ایس او پیز کے ساتھ ان ڈور ڈائننگ کی سہولت فراہم کرنے کی اجازت بھی دی تھی۔

اس کے علاوہ این سی او سی نے پاکستان سپر لیگ کے لاہور میں ہونے والے میچز کے لیے تماشائیوں کی تعداد بھی 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد تک کرنے کی اجازت دی تھی۔