اسلام آباد (جیوڈیسک) انقلاب مارچ کے شرکا ڈاکٹر طاہرالقادری کے حکم پر پارلیمنٹ ہاؤس کے بعد اب وزیر اعظم ہاؤس کے قریب پہنچ گئے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے حکم پر انقلاب مارچ میں شامل مردوں اور خواتین نے پارلیمنٹ کا گھیراؤ کر لیا اور کارکنوں کی بڑی تعداد پارلیمنٹ کی دیوار کے ساتھ موجود ہے اس کے علاوہ کارکنوں نے 3 میں سے 2 دروازوں کے سامنے دھرنا دے دیا جہاں سے لوگوں کے آنے جانے کا روک دیا گیا ہے۔
گیٹ نمبر ایک اور 2 کے سامنے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی موجودگی کے باعث وزیر اعظم سمیت تمام ارکان اسمبلی اور عملہ ایوان صدر کے راستے سے نکل گیا۔
قومی اسمبلی کے بعد انقلاب مارچ کے کارکن تمام رکاوٹیں عبور کرکے پولیس کا ناکہ توڑ کر پاک سیکریٹریٹ کے مرکزی دروازے پر پہنچ گئے تاہم پولیس نے گیٹ بند کر دیا۔
اس کے علاوہ پولیس نے وزیر اعظم ہاؤس جانے والے تمام داخلی راستے بھی بند کر دیئے ہیں جب کہ پاک سیکریٹریٹ کے سامنے پاک فوج اور رینجرز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے جنہوں نے ایک سیکریٹریٹ کے ملازمین کو بحفاظت باہر نکال لیا جب کہ ڈپلومیٹک انکلیو میں بھی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔