قومی حکومت بننے تک کوئی یہاں سے نہیں جائے گا، طاہر القادری

Tahir ul Qadri

Tahir ul Qadri

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے انقلاب مارچ کے شرکا سے کہا ہے کہ جب تک قومی حکومت نہ بنے یہاں سے کوئی نہیں جائے گا۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے قریب انقلاب مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ محاصرے کا بدلہ محاصرہ ہے، لاہور میں ہمیں محاصرے میں رکھا گیا، یہاں ہم نے محاصرہ کر لیا۔

طاہر القادری نے کارکنوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کہیں نہیں جانا، یہیں رہنا ہے،اس انقلاب کا سورج طلوع ہو گا اور عوام کی فتح ہوگی تو یہاں سے لوگ جائیں گے۔ انقلاب مارچ کے شرکا کو بتانا چاہتا ہوں آپ اپنی منزل کو پہنچ گئے ہیں، شہادتیں انقلاب کی کامیابی کی ضمانت بن گئیں۔

طاہر القادری نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو مبارکباد دیتا ہوں کہ لاکھوں افراد کا مارچ چلا لیکن انھوں نے گولی نہیں چلائی۔ انہوں نے کہا کہ انقلابی مارچ پارلیمنٹ ہاؤس تک پہنچ گیا اور ہم پرامن رہیں گے، حکومت کو ہمارے انقلاب کے تصور سے اختلاف ہے تو جمہوری طریقے سے ڈیل کرتے۔

حکمرانوں کی جمہوریت صرف کرپشن ہے جو اس ملک میں نہیں چلنے دی جائے گی۔ کرپٹ حکمرانوں کو نکال پھینکیں گے۔ قاتلوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی اپنی ایف آئی آردرج کرلی جبکہ شوٹر سے میرے گھر کے بیڈروم میں گولیاں چلائی گئیں۔