ٹرانسپورٹ بند ہونے سے مسافر خوار رکشہ والوں کی چاندی

Traffic

Traffic

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ جنرل بس سٹینڈ سمیت دیگر ویگن اڈے بند ، مسافر پریشان اندرون شہر منہ مانگا کرایہ وصول کیا جاتا رہا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے باعث اور امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے گوجرانوالہ جنرل بس سٹینڈ کوداخلی وخارجی راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے مسافروں کیلئے بند کر دیا گیا

ضلع کے دیگر شہروں،قصبوں کے سرکاری و نجی بس ویگن سٹینڈز کو بھی رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا گیا اور نگرانی کیلئے سکیورٹی تعینات کر دی گئی۔ دوسری طرف مارچ کے دوران گاڑیوں کی متوقع توڑپھوڑ اور نذر آتش کرنے کے واقعات کے پیش نظر ٹرانسپورٹروں نے گاڑیاں اپنے رہائشی علاقوں کی شاہراہوں،لاری اڈوں سمیت دیگر محفوظ مقامات پر کھڑی کر دی ہیں پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے سے مسافر وں کو پریشانی کا سامنا کرناپڑا، رکشے والے اندرون شہر ایک علاقہ سے دوسرے علاقہ آنے جانے والوں سے منہ مانگا کرایہ وصول کرتے رہے۔

ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد زبیر بٹ، رہنما محمد الیاس نے بتایا کہ ایک ہفتہ کے دوران چار دن تک کاروبار بند رہا، اقتدار کی جنگ میں مسافروں اور ٹرانسپورٹ شعبہ سے تعلق رکھنے والوں کوخوار کیا جا رہا ہے۔