مارگلہ ٹنل کیس، سپریم کورٹ کا وفاق، سی ڈی اے کو تحریری جواب جمع کرانے کا حکم

Supreme Court

Supreme Court

سلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے مارگلہ ٹنل ازخود نوٹس میں وفاق اور سی ڈی اے کو تحریری جواب جمع کرانے کے لیے یکم اکتوبر تک کی مہلت دے دی ہے۔ عدالت نے چئیرمین این ایچ اے، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹریز کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے مارگلہ ٹنل ازخود نوٹس کی سماعت کی۔

دوران سماعت درخواست گزار مشاہد حسین سید نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کا اے پی سی میں مک مکا میں ہو گیا ہے۔ صدر مارگلہ ہلز سوسائٹی روئیداد خان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی تکمیل کے لیے مارگلہ کی پہاڑیاں کاٹی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ این ایچ اے میں عجلت سے فائلوں پر کام جاری ہے۔

جس پر سی ڈی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سی ڈی اے نے ایسا کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وفاق اور سی ڈی اے کی جانب سے آئندہ سماعت پر تحریری جواب داخل کرایا جائے۔ عدالت نے چئیرمین این ایچ اے، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے چیف سیکٹریز کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کر دی۔